نظام آباد:7؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر مسٹر رونالڈ روس نے بتایا کہ مستحق افراد کو وظائف کی منظوری میں تساہلی برتنے والے پنچایت سکریٹری کو معطل کیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے وظائف کی منظوری کیلئے ولیج سکریٹریوں کوسروے کیلئے احکامات جاری کئے گئے تھے۔ جس پر ویلپور منڈل کے موضع موتے انچارج پنچایت سکریٹری گنگاداس 56 غیر مستحق افراد کی نشاندہی کی ہے اس بارے میں شکایت وصول ہونے پر ویلپور تحصیلدار کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی تھی جس پر ویلپور تحصیلدار نے اس میں ہوئی دھاندلیوں کی رپورٹ پیش کرنے پر انچارج سکریٹری گنگاداس کو معطل کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور وظائف کی منظوری میں کسی قسم کی دھاندلی ہونے نہ دینے کیلئے دوبارہ احکامات جاری کئے گئے۔
لڑکی کے اغواء کے جرم میں
چار ملزمین کو سزائے قید
بودھن۔/7جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن کے موضع کھنڈگاؤں میں یکم ستمبر 2005ء کو ناگوراؤ نامی شخص کے مکان میں آدھی رات کے وقت جبراً گھر میں داخل ہوکر اس کی 16سالہ لڑکی کا اغواء کرکے چار دنوں تک اپنی تحویل میں رکھنے کے الزام میں ساتویں ایڈیشنل کورٹ کے معزز جج مسٹر گوردھن ریڈی نے چار ملزمین جے سدھاکر جے پانڈو جے دیوداس جے بھیم راؤ کو نابالغ لڑکی کے اغوا اور جبراً گھر میں داخل ہونے کا الزام ثابت ہونے پر سات سال قید بامشقت اور فی کس ایک ہزار روپئے جرمانہ ادا کرنے کا فیصلہ سنایا۔ اس واقعہ کے اصل ملزم نمبر ایک جے دیو انل پر ضلع نظام آباد کے زونل کورٹ میں مقدمہ چلانے کا فیصلہ دیا چونکہ جے انل اس مجرمانہ واقعہ کے وقت نابالغ تھا۔ تفصیلات کے بموجب لڑکی کا اغواء کرکے اس موضع کے گنے کے کھیتوں میں چار دنوں تک ملزمین نے لڑکی کو محروس رکھا تھا۔ پولیس نے اپنی چارج شیٹ میں ملزمین پر جبراً زنا کا الزام بھی عائد کیا لیکن عدالت میں پولیس اپنا الزام ثابت نہ کرسکی۔