ممبئی ۔ 31 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر وسیم جعفر نے شکھر دھون اور روہت شرما پر مشتمل اوپنرس جوڑی کے حالیہ مظاہروں پر مایوسی کا اظہار کیا لیکن کہا کہ اس جوڑی کو موقع دیا جانا چاہئے۔ یہاں ایک ٹورنمنٹ کے اشتہاری پروگرام میں شرکت کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے وسیم جعفر نے کہا کہ دورہ جنوبی افریقہ کے آغاز سے قبل روہت اور دھون نے ٹیم کو جس طرح کی شروعات فراہم کی ہے اس کے بعد کسی نے بھی مختلف طرز کی کرکٹ کیلئے مختلف اوپنرس کی تجویز نہیں سوچی تھی۔ چند ایک مقابلوں میں ناکام ہونے سے کوئی کھلاڑی برا یا چند ایک مقابلوں میں کامیاب ہوجانے سے کھلاڑی باصلاحیت نہیں ہوتا، لہٰذا موجودہ جوڑی کو موقع دیا جانا چاہئے۔
صمد کے بہتر مظاہرہ کے باوجود کرناٹک کا مستحکم موقف
حیدرآباد ۔ 31 جنوری(سیاست نیوز) خطاب کیلئے پسندیدہ ٹیم کرناٹک یہاں حیدرآباد میں کھیلے جارہے رانجی ٹرافی کے فائنل میں پسندیدہ موقف حاصل کرتے ہوئے خطاب کے قریب پہنچ چکی ہے جیسا کہ تیسرے دن کھیل کے اختتام پر اس نے مہاراشٹرا کے خلاف 169 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ کرناٹک نے آج 230/0 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور دن کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان کے بعد اس نے 474 رنز اسکور کرلئے ہیں جبکہ مہاراشٹرا پہلی اننگز میں 305 رنز پر آل آوٹ ہوئی ہے۔ نمبر 3 پر بیٹنگ کرتے ہوئے گنیش ستیش نے 117، اوپنر کے ایل راہول نے 131 اور سینئر اوپنر رابن اتھپا نے 72 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر صمد فلاح بالآخر ردھم حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جیسا کہ انہوں نے 74 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ہے۔