کولمبو ۔ 3فروری (سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے عظیم پاکستان بولر وسیم اکرم کو اپنے کیریئر کا سب سے مشکل بولر قرار دیا ہے۔ایک انٹرویو میں سنگاکارا نے کہا کہ میں نے چند مواقع پر ہی وسیم اکرم کا سامنا کیا لیکن ان کا سامنا کرنا انتہائی مشکل تھا، وہ ایک انتہائی ذہین بولر تھے۔ اگر آپ ٹسٹ کرکٹ میں کامیابی ترین بولرز کی فہرست دیکھیں تو اس میں وسیم اکرم ابتدائی فہرست میں حیران کن طور پر کہیں نظر نہیں آتے لیکن دنیا کے جس بیٹسمین سے بھی پوچھیں گے، وہ ان کا نام ضرور لے گا۔سنگاکارا نے کہا کہ وسیم اکرم انتہائی ذہین تھے لیکن میں انتہائی خوش قسمت ہوں کہ میں نے اپنے ہم وطن بولرز متیھا مرلی دھرن اور چمندا واس کا سامنا نہیں کیا، وہ دونوں بھی عمدہ بولرز تھے۔انہوں نے عظیم آسٹریلیائی لیگ اسپنر شین وارن، انگلش اسپنر گرائم سوان اور ہندوستان کے ظہیر خان کو بھی انتہائی مشکل بولر قرار دیا۔ 2000 میں کریر کاآغاز کرنے والے کمار سنگاکارا نے ٹسٹ اور ونڈے دونوں طرز کی کرکٹ میں 12ہزار سے زائد رنز بنائے جہاں ان کی اوسط بالترتیب 57.14 اور 42 کی رہی۔2015 میں سبکدوشی کا اعلان کرنے والے سنگاکارا نے جب کرکٹ شروع کی تو وسیم اکرم کے کیریئر کا اختتام قریب تھا اور دونوں کھلاڑی ونڈے میچوں میں کْل نو مرتبہ آمنے سامنے آئے اور تین مرتبہ اکرم سنگاکارا کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔جن میچوں میں انہوں نے وسیم اکرم کا سامنا کیا ان میں ان کی اوسط 11.75 کی رہی حالانکہ ان کے کیریئر کی اوسط 42 ہے۔یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ وسیم اکرم کو کسی بیٹسمین نے سب سے مشکل قرار دیا ہو بلکہ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے برائن لارا،آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ، ہندوستان کے سابق کپتان محمد اظہرالدین اور وی وی ایس لکشمن بھی انہیں سب سے مشکل بولر کے خطاب سے نواز چکے ہیں۔