حیدرآباد۔28ستمبر ( سیاست نیوز) بنجارہ ہلز کے علاقہ میں پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثہ میں تین افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ یہ سڑک حادثہ روڈ نمبر 2پر آج صبح کی اولین ساعتوں میں پیش آیا ۔ 4ساتھی جو گنیش وسرجن کے بعد اپنی کار میں واپس ہورہے تھے کہ کار بے قابو ہونے کے سبب پیش آئے حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ بنجارہ ہلز پولیس کے مطابق اس سڑک حادثہ میں 24سالہ سائی تیجا ‘ 24سالہ نرین سائی اور 23سالہ شرتھ چندرا ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا ایک ساتھی کارتیک دید زخمی حالت میں زیرعلاج ہے ۔ پولیس کے مطابق ہلاک افراد کا تعلق فرینڈس کالونی اپل سے بتایا گیا ہے جو بی ٹیک کے طالب علم ہیں ۔پولیس کا کہنا ہیکہ کار کی رفتار کافی تیز تھی اور کار نے اپنا قابو کھو دیا تھا جو سیدھا ایک شٹر میں داخل ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہیکہ صبح کی اولین اوقات ہونے کے سبب اس سڑک پر چہل پہل نہیں تھی اور شٹر بھی بند تھا جس کے سبب ایک بڑا سانحہ ٹل گیا ۔