وزیر ٹرانسپورٹ کی موجودگی میں ٹی آر ایس کارکن کا اقدام خودسوزی

سرگرم خدمات کے باوجود عہدہ
نہ دیئے جانے کی شکایت

حیدرآباد /30 اگست ( سیاست نیوز )
تانڈور علاقہ میں آج ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں کے اجلاس میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب پارٹی کے ایک سینئیر اقلیتی کارکن نے خود پر پٹرول چھڑک کر خودسوزی کی ناکام کوشش کی ۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر مہیندر ریڈی کی قیادت میں صمد فنشکن ہال تانڈور میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں وہاں کے مقامی ٹی آر ایس پارٹی کے سینئیر کارکن مسٹر ایوب خان نے اپنے خطاب میں وزیر پر یہ ا لزام عائد کیا کہ انہیں پارٹی اور حلقہ میں کوئی اہم عہدہ نہیں دیا گیا ہے جبکہ وہ پارٹی میں سال 2011 سے سرگرم ہے ۔ اپنی تقریر میں ایوب خان نے یہ بھی الزام عائدکیا کہ ان کے علاوہ دیگر کارکنوں کے ساتھ بھی ناانصافی کی جارہی ہے ۔ تقریر ختم کرنے کے فوری بعد ایوب خان نے اجلاس میں خود پر پٹرول چھڑک کر اچانک آگ لگالی جس کے بعد وہاں سنسنی پھیل گئی ۔ اجلاس میں موجود دیگر پارٹی کارکنوں نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن وہ 30 فیصد سے زائد جھلس گئے اور انہیں فوری اپولو ڈی آر ڈی او کنچن باغ منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں ۔