وزیر دفاع پاریکر کو الیکشن کمیشن کی نوٹس

نئی دہلی۔یکم فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع اور سینئر بی جے پی لیڈر منوہر پاریکر کو آج الیکشن کمیشن نے گوا میں ان کے رشوت سے متعلق مبینہ ریمارکس پر وجہ بتائو نوٹس جاری کی کیوں کہ انتخابی پینل نے ان ریمارکس کو بادی النظر میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پایا ہے۔ گوا فارورڈ پارٹی اور عام آدمی پارٹی کنوینر اروند کیجروال کی داخل کردہ شکایتوں اور مقامی الیکشن حکام کی پیش کردہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کمیشن نے پاریکر سے کہا کہ جمعہ کی دوپہر تک اپنا جواب داخل کریں جس میں ناکامی پر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کی نوٹس میں وزیر دفاع کے اس ریمارک کا ذکر کیا گیا جو انہوں نے 29 جنوری کو گووا کے رائے دہندوں سے خطاب میں کہا کہ اگر کوئی 500 روپئے لے کر کنول کے نشان کو ووٹ دیتا ہے تو کوئی مسئلہ نہیں۔