وزیر دفاع امریکہ کا دورہ، مشرق وسطی کو منانے کی کوشش

عمان ۔ 21 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع امریکہ ایسٹن کارٹر مشرق وسطی میں اپنے حلیف ممالک اسرائیل، اردن اور سعودی عرب کے دورہ پر ہے۔ وہ وزیراعظم اسرائیل سے جو ایران کے ساتھ معاہدے کے سخت ترین ناقد ہیں، ملاقات کرچکے ہیں۔ اردن کے فوجی ارکان عملہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مشترکہ طور پر ایران کے اس علاقہ میں اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کے پابند عہد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدے پر مشرق وسطی کے ممالک ناراض ہیں لیکن دوستانہ اختلافات کوئی نئی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اردن میں تعینات امریکی فوج شام اور عراق کے دولت اسلامیہ کو کچلنے کے علاوہ اس علاقہ سے ایران کے اثر و رسوخ کا کا خاتمہ کرنے کی پابند ہے۔کارٹر اپنے دورہ کی تیسری منزل سعودی عرب کو کل پہنچ جائیں گے۔ ایران نیوکلیئر معاہدہ کے سلسلہ میں سعودی عرب کو سب سے زیادہ تشویش ہے جس کے خیال میں اس معاہدہ سے ایرانی قائدین کے حوصلے اور بھی بلند ہوجائیں گے اور وہ نیوکلیئر ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کرے گا، جنہیں سعودی عرب کے خلاف استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ سعودی عرب ایران پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ اس علاقہ کے عسکریت پسندوں کی مدد کر رہا ہے۔