وزیر داخلہ کی غیر حاضری پر لوک سبھا کی کارروائی ملتوی

نئی دہلی ۔ 13 ۔ اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ یا ان کے مملکتی وزیر کرن ریجی جو کی غیر حاضری کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی کو آج ملتوی کرنا پڑا۔ کانگریس لیڈر ملکارجن کھرگے نے ملک میں بڑھتے فرقہ وارانہ واقعات پر خصوصی مباحث کا آغاز کیا لیکن اس وقت ایوان میں ارکان کی تعداد کافی کم تھی۔ جیسے ہی مباحث شروع ہوئے کھرگے اور ان کے پارٹی ارکان نے وزیر داخلہ اور مملکتی وزیر داخلہ کی غیر حاضری کی طرف توجہ دلائی اور کہا کہ اس قدر اہم معاملہ کو حکومت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ یہ اچھی علامت نہیں۔ کانگریس ارکان نے وزیر یا ان کے نائب کی موجودگی یقینی بنانے کیلئے ایوان کی کارروائی نصف گھنٹے کیلئے ملتوی کرنے کی تجویز پیش کی ۔ چنانچہ اسپیکر کارروائی کو 30 منٹ کیلئے ملتوی کردیا۔