نئی دہلی 9 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) چینی صدر کے خصوصی قاصد اور وزیر خارجہ وانگ ائی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے نئی ہندوستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے ان کی حکومت کی دلچسپی سے واقف کروایا اور کہا کہ ان کی حکومت ہندوستان کے ساتھ اہم شعبہ جات میں تعاون کو مستحکم کرنا چاہتی ہے ۔ واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی چینی وزیر خارجہ نے ہندوستانی ہم منصب سشما سواراج کے ساتھ تین گھنٹوں تک بات چیت کی تھی ۔ مودی سے ملاقات کے موقع پر بھی سشما سواراج موجود تھیں۔ چینی وزیر اعظم لی کیقیانگ وہ پہلے بیرونی سربراہ حکومت تھے جنہوں نے وزیر اعظم کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد نریندر مودی کو فون کیا تھا ۔ چین کے وزیر اعظم نے ہندوستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے اور باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔ نریندر مودی نے بھی آج کی ملاقات کے دوران یہ واضح کیا کہ ہندوستان کی خارجہ پالیسی میں چین کو ہمیشہ ترجیح حاصل رہی ہے اور انہوں نے دونوں ملکوں کے مابین وسیع تر معاشی تعاون کا خیر مقدم کیا ہے ۔ چین نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین پنچ شیل معاہدہ کے 60 برس کی تکمیل کی تقریب میں کوئی اعلی ترین ہندوستانی رہنما کی شرکت کو یقینی بنایا جائے ۔ پنچ شیل معاہدہ پر ہندوستان کی جانب سے اس وقت کے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو اور ان کے چینی ہم منصف زہو ان لائی نے 1954 میں دستخط کئے تھے ۔ چین نے ہندوستان کو اس بات سے بھی واقف کروادیا ہے کہ اس کے صدر ژی جن پنگ بھی ہندوستان کا دورہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔