وزیر خارجہ سشما سوراج کا دورۂ ویتنام ، تجارت ، دفاع اور صیانت سرفہرست موضوعات

ہنوئی۔ 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے ویتنام کے ساتھ دفاعی اعتبار سے اہم تعلقات میں اضافہ کرنے کے مقصد سے وزیر خارجہ سشما سوراج آج سے اعلیٰ سطحی قائدین کے ساتھ کئی ملاقاتیں کریں گی جن کا مقصد ربط، تجارت، دفاع اور صیانتی تعاون پر مرکوز ہوگا۔ سشما سوراج کل شام یہاں پہونچی تھیں۔ انہوں نے وزیر خارجہ ویتنام پہام بنہہ منہہ کے ساتھ بات چیت کی۔ وہ صدر ترونگ تان سانگ اور وزیراعظم نگوین تان دونگ کے ساتھ بھی بات چیت کریں گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ ویتنامی قیادت کے ساتھ کئی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی بی جے پی زیرقیادت حکومت کے تحت ہندوستان ’’مشرق کے ساتھ تعاون‘‘ کی پالیسی اختیار کرے گا۔ اس سلسلے میں ہندوستان کے لئے ویتنام ایک اہم ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے ویتنام کو چاول کی کاشت کے طریقے یہاں پر قائم چاول کے مرکز کے ذریعہ سکھائے ہیں۔ آج انہوں نے چاول کی برآمدات میں ہندوستان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ہندوستان 1976ء ہی سے ویتنام کو لیٹر آف کریڈٹ دے چکا ہے جن کی گزشتہ سال توسیع بھی کی گئی تھی۔ دونوں ممالک ایک مستحکم معاشی اور باہمی تجارتی تعلق رکھتے ہیں جس کی مالیت 8 ارب امریکی ڈالرس ہوچکی ہے۔ ویتنام کو ہندوستانی برآمدات 5 ارب 40 کروڑ امریکی ڈالر مالیتی ہیں۔