وزیر اعظم کے دورہ ارونا چل پردیش پر چین کا موقف

ایٹا نگر 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )ارونا چل پردیش کی سیاسی پارٹیوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے 20 فبروری کو ریاست کے دورہ پر چین کے اعتراض پر شدید تنقید کی ہے ۔ وزیر اعظم ریاست کی 29 ویں یوم تاسیس تقریب میں شرکت کیلئے آئے تھے۔ چین نے وزیر اعظم کے دورہ کی اس لئے مخالفت کی ہے کہ وہ اس علاقہ کو ’’متنازعہ ‘‘ سمجھتا ہے ۔ ارونا چل پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر پی رچو نے آج کہا کہ چین بھول گیا ہے کہ ارونا چل پردیش ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہے ۔ یہ چین کی عادت بن گئی ہے کہ جب بھی صدر یا وزیر اعظم اس ریاست کا دورہ کرتے ہیں وہ اعتراض کرتا ہے ۔ ریاستی بی جے پی کی شاخ نے بھی چین کی وزیر اعظم کے دورہ پر اعتراض کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی حالت میں پڑوسی ملک کسی مرکزی قائد کے دورہ ریاست پر اعتراض نہیں کرسکتا ۔ دریں اثناء ارونا چل سیول سوسائٹی نے بھی چین پر تنقید کی ہے کیونکہ اس نے وزیر اعظم کے ریاستی دورہ پر اعتراض کیا ہے ۔ نائب وزیر خارجہ چین لیو ژینمن نے ہندوستان کے سفیر برائے چین اشوک کے کانتا کو مطلوب کر کے مودی کے دورہ اروناچل پردیش کے خلاف احتجاج کیا تھا۔