وزیر اعظم کے خلاف شیوسینا کی تنقیدوں پر اعتراض

اتحاد کی خاطر اختلاف سے گریز ، چیف منسٹر کا بیان
ممبئی ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس نے آج اپنی حلیف شیوسینا سے کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی پر تنقیدوں سے باز آجائیں اور یہ انتباہ دیا کہ اس طرح کے حملے نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شیوسینا کی تنقید و تعریض کے باوجود ان کی حکومت 5 سال کی میعاد مکمل کرے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ شیوسینا کی تنقیدوں کا مناسب جواب دیا جائے گا ۔ چونکہ حکمرانی اور سیاست دو علحدہ معاملات ہیں اور شیوسینا کو چاہئے کہ وزیراعظم پر تنقید سے باز آجائے ۔ واضح رہے کہ فڈنویس کی زیر قیادت 3 سال قبل پہلی مرتبہ بی جے پی کی حکومت تشکیل دی گئی ہے جو کہ مختلف مسائل بشمول مرہٹہ برادری کے لیے ریزرویشن علحدہ ریاست ودربھا کا مطالبہ ، اور کرن جوہر کی فلم ’ اے دل ہے مشکل ‘ کی ریلیز میں مداخلت پر تنازعہ کا سامنا ہے ۔ انہوں نے اس نقطہ نظر کو مسترد کردیا کہ مراہٹہ ریزرویشن مورچہ کے مظاہروں سے سماجی کشیدگی پھیل رہی ہے ۔ انہوں نے یہ ایقان ظاہر کیا کہ بی جے پی ۔ شیوسینا کی مخلوط حکومت اپنی میعاد مکمل کرے گی تا کہ دو متضاد نظریات کی حامل پارٹیاں یکجا ہوئی ہیں لیکن پالیسی ساز فیصلوں اور طرز حکمرانی پر اختلافات پائے جاتے ہیں ۔۔