وزیر اعظم کس سے بات کریں گے ؟ کانگریس

کشمیر پر اظہار تشویش صرف زبانی جمع خرچ ‘ اپوزیشن کا الزام
نئی دہلی 22 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مسئلہ کشمیر کا حل دریافت کرنے بات چیت کی ضرورت کے اظہار پر تنقید کی ہے اور کہا کہ وہ ’’ صرف پٹ بجا کر ہوا بنا رہے ہیں ‘‘ ۔ کانگریس کے ترجمان منیش تیواری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعظم کے الفاظ بدلتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کل جماعتی اجلاس میں کیا کہا ؟ ۔ انہوں نے یوم آزادی تقریب میں کیا کہا اور آج وہ بات چیت کی بات کر رہے ہیں لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ مذاکرات کس سے کئے جائیں گے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صبہ ہوتا ہے کہ یہ صرف الفاظ ہیں۔ صرف خالی اظہار خیال ہے ۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ وہ صرف پٹ بجا کر ہوا بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ وزیر اعظم کس کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ جب آپ بات چیت کی بات کر رہے ہیں تو کیا ان افراد سے بات چیت کی جائیگی جو آپ سے علیحدہ ہوگئے ہیں۔ آپ ایسے افراد سے بات چیت نہیں کرتے جو آپ کے ساتھ ہیںاور قومی دھارے میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہا تھا کہ جو لوگ سنگباری میں ملوث ہو رہے ہیں وہ ستیہ گرہی نہیں بلکہ جارحیت پسند ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس مسئلہ پر دونوں کے خیالات یکساں نہیں ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کئی مرکزی وزرا بھی الگ الگ آواز میں بات کر رہے ہیں۔