وزیر اعظم کا 1984 کے سکھ دشمن فسادات کا حوالہ

نئی دہلی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سکھ دشمن تشدد کا حوالہ دیا جو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی کے دن سے ہم آہنگ ہے آج ہی کے دن 30 سال قبل ہندوستان کے صدیوں قدیم اتحاد کا تانا بانا تار تار ہوگیا تھا جبکہ اندرا گاندھی کو ان کے سکھ باڈی گارڈس نے قتل کردیا تھا ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے سردار پٹیل کے یوم پیدائش سے مربوط کرتے ہوئے یوم قومی اتحاد کے طور پر منایا گیا۔ وزیر اعظم نے انہیں ہندوستان کا مرد آہنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں ان کا ایک مقام ہے ۔ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد کسی بھی دوسرے قائد کی اہمیت کو کم کرنا نہیں ہے ۔ ملک کے اولین وزیر داخلہ کے 139 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اتحاد کیلئے دوڑ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس دوڑ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ پٹیل نے اپنی زندگی قوم کے اتحاد کیلئے وقف کردی تھی اور یہ انتہائی بد بختانہ ہے کہ ہمارے اپنے عوام کو 30 سال قبل ان کے یوم پیدائش کے دن ہی قتل کیا گیا ۔اسی ملک میں30 سال پہلے کچھ ایسا واقعہ پیش آیا تھا جس سے قوم کے اتحاد پر ضرب پڑی ۔ سردار پٹیل نے ابھی بھی قومی اتحاد کے نظریہ سے انحراف نہیں کیا حالانکہ ان کی سیاسی زندگی میں کئی رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں۔ ملک کی یکجہتی اور اتحاد کیلئے ان کی دین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے و زیر اعظم نے کہا کہ ہمیں یہ بھولنا نہیں چاہئے کہ کوئی قوم اپنی تاریخ میں اگر کسی کے ساتھ عدم احترام کا سلوک کرتی ہے تو وہ ایسی شخصیت دوبارہ تخلیق نہیں کرسکتی۔ اس لئے تاریخ کو تقسیم نہ کریں۔ ورثہ کو نظریہ تک محدود نہ کریں۔ سردار پٹیل اور مہاتما گاندھی کی یوم پیدائش اور برسیاں حکومت کی جانب سے منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے دیگر قائدین کی یادگار کو ٹرسٹس اور سوسائٹیز کیلئے چھوڑ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ دیگر قائدین کی یادگاریں تعمیر نہیں کی جائیں گی۔مودی نے پٹیل کا چانکیہ کے ساتھ تقابل کرتے ہوئے کہا کہ ملک سردار پٹیل کو کبھی فراموش نہیں کرسکتا ۔ صدیوں پہلے چانکیہ نے تمام چھوٹے بڑے رجواڑوں کو متحد کر کے ایک طاقتور حکومت قائم کرنے کا تجربہ کیا تھا ۔ آزادی کے بعد یہی عظیم کام جس شخص نے کیا اس کی یوم پیدائش تقریب آج منائی جارہی ہے۔مودی نے کہا کہ سردار پٹیل نے اپنی مہارت ،بصیرت اور حب الوطنی کے ذریعہ ملک کو متحد کیا ۔ پورے ملک کو تقسیم کے بعد متحد کرنے میں سردار پٹیل کے کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ سردار پٹیل نے ہندوستان کو کئی چھوٹے علاقوں میں تقسیم کرنے کا برطانیوں کا منصوبہ ناکام بنادیا ۔ انہوں نے تن تنہا ملک کے تمام 550 علاقوں کا انضمام کیا ۔ قبل ازیں وزیر اعظم کا استقبال کرتے ہوئے مرکزی وزیر شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اگر سردار پٹیل ملک کے اولین وزیر اعظم ہوتے آج تاریخ مختلف ہوتی ۔یہ اکثر لوگوں کا احساس ہے۔