وزیر اعظم کا جمعرات سے دورہ فرانس رافالے لڑاکا طیاروں کی معاملت کی تکمیل پر تعطل ہنوز برقرار

نئی دہلی 8 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو فرانس کا دورہ شروع کرنے والے ہیں اور اس موقع پر ان کی فرانس کے صدر فرینکوئی ہالینڈ سے ملاقات ہوگی ۔ تاہم ابھی یہ تعطل برقرار ہے کہ آیا اس موقع پر دونوں ملکوں کے مابین رافالے لڑاکا طیاروں کی معاملت پر کوئی پیشرفت ہوگی یا نہیں۔ یہ معاملت قیمتوں کے مسئلہ پر تعطل کا شکار ہے ۔ فرانس کے سفیر متعینہ ہندوستان فرینکوئی رچئیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کئی بلین ڈالرس مالیتی اس معاملت کے تعلق سے راست جواب دینے سے گریز کیا ۔ یہ معاملت طویل وقت سے التوا کا شکار ہے ۔ تاہم ذرائع نے کہا کہ اس معملت کے تعلق سے مذاکرات کا عمل جاری ہے ۔ اس معاملت کے تحت فرانس کی کمپنی ڈسالٹ اوئیشن کی جانب سے 126 رافالے لڑاکا طیارے ہندوستان کو فراہم کریگی ۔ فرانسیسی سفیر نے کہا کہ فرانس کی کمپنیاں میک ان انڈیا پروگرام میں شراکت داری میں دلچسپی رکھتی ہیں اور اس سلسلہ میں رافالے معاملت کا مستقبل بہت اہمیت کا حامل رہیگا ۔ رافالے نامی کمپنی کا جملہ چھ بولی دہندہ کمپنیوں میں سے ہندوستان نے انتخاب کیا تھا ۔ یہ معاملت ابتداء میں 42,000 کروڑ روپئے کی تھی تاہم اب ہندوستان کا کہنا ہے کہ فرانس کی کمپنی اس معاملت کی تکمیل کیلئے اضافی قیمتیں طلب کر رہی ہے جس پر تعطل برقرارہے ۔

نریندر مودی آج مدرا بینک کا افتتاح کریں گے
نئی دہلی ۔ 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کل مدرا بینک کا افتتاح کریں گے جو 10 لاکھ روپئے تک قرض چھوٹے صنعتکاروں کو فراہم کرے گی اور مائیکرو فینانس اداروں کے نگرانکار کا فرض انجام دے گی۔ مدرا بینک کی پالیسی کے رہنمایانہ خطوط کا خاکہ برائے چھوٹے پیمانہ کی صنعتکاری کو مالیہ کی فراہمی، کاروبار اور ایم ایف آئی کا رجسٹریشن کے علاوہ مسلمہ حیثیت اور شرح ترقی کا ہنوز تعین نہیں کیا گیا ہے۔ تقریباً 5 کروڑ 77 لاکھ چھوٹے کاروباری ادارے ہیں۔ علاوہ ازیں مدرا بینک ذمہ دارانہ مالیہ کی فراہمی کی کارروائیاں کرے گی تاکہ حد سے زیادہ قرض سے گریز اور مناسب موکلوں کے تحفاظتی اصولوں کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس کے علاوہ رقم کی وصولی کے طریقے، ترقی کے معیارات اور چھوٹے پیمانے پر صنعتوں کو قرض دینے کے سابقہ اصولوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ بینک تک رسائی محکمہ جاتی مالیہ کی فراہمی کے ذریعہ ہوگی جو چھوٹے کاروباری اداروں اور صنعتوں کو مالی مدد دی جائے گی۔ اس کے علاوہ صنعتکاروں کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جائے گا جس کے نتیجہ میں جی ڈی پی کی شرح ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزارت فینانس سے جاری کردہ ایک بیان میں اس کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرفینانس نے اپنی بجٹ تقریر میں چھوٹے کارخانوں کو مالیہ فراہم کرنے کیلئے 20 ہزار کروڑ روپئے کی مالیت سے مدرا بینک قائم کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔