وزیر اعظم ‘پرگیہ کو پارٹی سے خار ج کردکھائیں:کمل ناتھ

بھوپال’ 17مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ نے آج بھوپال پارلیمانی حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے بیان پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک پرگیہ ٹھاکر کو ان کے متنازعہ بیانات پر معاف نہیں کرے گا اور وزیر اعظم میں ہمت ہے تو انہیں پارٹی سے خارج کرنے کی جرأ ت دکھائیں۔ کمل ناتھ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھوپال سے امیدوار کوبھلے ہی معاف کریں یا نہ کریں لیکن ملک کے عوام انہیں باپو کے قاتل ناتھو رام گوڈسے اور شہید ہیمنت کرکرے پر بیان پر معاف نہیں کرینگے ۔ ملک کے عوام جانتے ہیں کہ وزیر اعظم نے انہیں پارٹی امیدوار بنایا ہے ’ ہمت ہے تو انہیں پارٹی سے خارج کر دکھائیں۔کمل ناتھ نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پارٹی پرگیہ ٹھاکر کے گوڈسے پر بیان سے صرف الیکشن کے مدنظر خود کو کنارے کررہی ہے ۔ اگر الیکشن نہیں ہوتا تو پوری بی جے پی ان بیانات کیلئے ان کے ساتھ کھڑی ہوتی کیوں کہ یہی بی جے پی کی سوچ ہے ۔ پرگیہ ٹھاکر نے کل اپنے بیان میں ناتھو رام گوڈسے کو دیش بھکت بتایا تھا حالانکہ بعد میں انہوں نے اس کے لئے معافی مانگی لی تھی۔