گلبرگہ میں بی جے پی قومی سکریٹری ترون چوغ کا میڈیا سے خطاب
گلبرگہ /30 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )بی جے پی نیشنل سیکریٹیری ترون چوغ نے کل گلبرگہ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کبھی نؤہیں کہا تھا کہ وہ ہر ایک شہری کے اکاونٹ میں 15لاکھ روپیوں کی رقم جمع کردیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دوران رشوت خوری اور بدعنوانیاں وسیع پیمانہ پر تک پھیل گئی تھیں ۔ مسٹر مودی یو پی اے حکومت کے دوران رشوت خوری کے ذریعہ حاصل کی گئی رقم کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر یہ رقم ملک کے عوام میں تقسیم کی جاتی ہے تو ہر ایک کو اپنے اکائونٹ کے ذریعہ 15لاکھ روپئے مل سکتے ہیں ۔ لیکن مودی جی نے کبھی بھی یہ نہیںکہا تھا کہ وہ ہر ایک کے اکائونٹ میں 15لاکھ روپئے جمع کروا دیں گے ۔مسٹر ترون نے کہا کہ کرناٹک میں گزشتہ پانچ سال کے دوران سدرامیا حکومت کی جو ناکامیاں ہوئی ہیں ان کی ضلع واری تفصیل عنقریب جاری کردی جائے گی ۔ چوغ نے کہا کہ ریاست میں رشوت خوری اور فرقہ وارانہ جھڑپوںمیں کافی اضافہ ہوا ہے۔ عوام کو پریشانیوں اور مایوسی کی حالت میں چھوڑتے ہوئے ریاست میں سماج کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔الزامات کی ایک فہرست جاری کی جائے گی جس سے عوام ریاست میں ہونے والی رشوت خوری کا اندازہ لگاسکیں گے ۔ مسٹر چوغ نے کہا کہ اگر کسی شخص کو جھوٹ بولنے کے لئے ایوارڈ دیا جانا ہے وہ شخص سدرامیا ہیں ۔ دنیا میں اور کوئی شخص نہیں ہے جو سدرامیا کی طرح جھوٹ بول سکتا ہے۔ مسٹر ترون نے کہا کہ انھیں بیدر، کلبرگی اور یادگیر اضلاع کے لئے انچارج بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہر 30رائے دہندوں کے لئے ایک پیج پرمکھ بنانے کی کوششیں جاری ہیں ۔ یہ کام 6اپریل تک مکمل ہوجائیگا اور 8اپریل سے 15اپریل کے درمیان پگے پرمکھ کا ایک کنوینشن ہر ایک حلقہ اسمبلی میں منعقد ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے عہد میں کسی قسم کی رشوت خوری اور بد عنوانیاں نہیں ہوئی ہیں اور وہ ایک عالمی لیڈر بن گئے ہیں ۔ مسٹر چوغ نے کہاکہ جب سے مودی وزیر اعظم بنے ہیں عالمی سطح پر ہندوستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ترقی بی جے پی کا مول منتر (بنیادی اصول ہے ) ۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر چوغ نے کہا کہ بینکس اب کم سے کم بیالینس نہ رکھنے پر جرمانہ عائید نہیں کررہی ہیں ۔ لیکن ایس بی اکائونٹ میں کم سے کم بیالینس نہ رکھنے پر اس طرح کا جرمانہ عائد کیا جارہا ہے ۔ ارکان اسمبلی رگھوناتھ رائو ملکا پورے، دتاتریہ پاٹل ریوور اور دیگر اس صحافتی کانفرنس میں شریک تھے ۔