وزیر اعظم نریندر مودی کو کانگریس کے زیر اہتمام ’’نہرو‘‘ پر کانفرنس میں مدعو نہیں کیا گیا

نئی دہلی 11نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے پنڈت جواہر لعل نہرو کے 125 ویں یوم پیدائش پر منعقد کی جانے والی یادگاری بین الاقوامی کانفرنس میں حالانکہ عالمی قائدین کی ایک کہکشاں کو مدعو کیا ہے لیکن اس فہرست میں ایک نام موجود نہیں ہے اور وہ ہے وزیر اعظم نریندر مودی کا نام۔ کانگریس کے ہیڈکوارٹرس پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ترجمان آنند شرما نے توثیق کی کہ اس تقریب میں وزیر اعظم مودی کو مدعو نہیںکیا گیا ہے ۔ دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس 17 نومبر سے وگیان بھون نئی دہلی میں منعقد ہوگی۔ آنند شرما نے کہا کہ 54 عالمی قائدین کو مدعو کیا گیا ہے۔ تاہم جن قائدین نے دعوت قبول کرلی ہے ان کے ناموں کا ہنوز انکشاف نہیں کیا گیا ۔ خبروں کے بموجب کئی عالمی قائدین نے تقریب میں شرکت کا تیقن دیا ہے ۔ کانگریس 14 نومبر سے پنڈت نہرو کے یوم پیدائش کی تقریب ایک سال تک منائے گی۔ دہلی کے تال کٹورہ اسٹیڈیم میں صدر پارٹی سونیا گاندھی پارٹی کارکنوں کو حلف دلوائیں گی کہ نہرو کی بصیرت کو سربلند اور اس کا احیاء کیا جائے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے بھی پنڈت نہرو کی یوم پیدائش تقریب کے سلسلہ میں کئی تقاریب کے اہتمام کا منصوبہ بنایا ہے ۔ وزارت ثقافت میں اس مقصد کیلئے 20 کروڑ روپئے مالیتی کئی پراجکٹس کا اعلان کیا ہے۔ جبکہ یادگاری تقریب کا منصوبہ یو پی اے حکومت نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی زیر قیادت بنایا تھا لیکن مودی نے کمیٹی از سر نو تشکیل دی ۔ نہرو ۔ گاندھی خاندان کے کسی بھی رکن کو کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا ۔