وزیر اعظم نریندر مودی کا آئندہ ماہ دورۂ جاپان

نئی دہلی /6 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ ماہ جاپان کا دورہ کریں گے۔ جاپان ایک اسٹراٹیجک دوست ملک ہے۔ وزیر اعظم آئندہ ماہ سے مصروف ترین بیرونی دورے کریں گے۔ ان کے بیرونی دوروں میں بھوٹان، برازیل اور امریکہ کے دورے بھی شامل ہیں۔ نریندر مودی اس ماہ کے اواخر میں بھوٹان کا دورہ کریں گے، جو ان کا پہلا بیرونی دورہ ہوگا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نریندر مودی کے بیرونی دورہ کا شیڈول مصروف ترین ہے۔ دیگر ملکوں کے دورہ میں حکومت جاپان کی درخواست پر مودی اس ملک کا جلد از جلد دورہ کریں گے۔ اپنے دوروں کے دوران وزیر اعظم اپنے جاپانی ہم منصب سے اہم عالمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔

بنگلور۔ گوہاٹی ایکسپریس دھماکہ : دھماکہ سبوتاج کا نتیجہ
چینائی۔/6جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلور۔ گوہاٹی ایکسپریس میں چینائی ریلوے اسٹیشن پر توقف کے دوران یکم مئی کو کم شدت کا جو بم دھماکہ ہوا تھا، اسکی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور نتیجہ یہ سامنے آیا ہے کہ بم دھماکہ سبوتاج کے سوائے اور کچھ نہیں تھا جس میں ایک خاتون مسافر ہلاک ہوگئی تھی۔ سرکاری طور پر جاری کئے گئے ایک بیان کے مطابق کمشنر آف ریلوے سیفٹی کی جانب سے قانونی طور پر کی گئی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ دھماکہ سبوتاج کا نتیجہ تھا۔ کمشنر آف ریلوے سیفٹی، ساؤتھرن سرکل ، بنگلور مسٹر ستیش کمار متل کے مطابق دھماکہ اس لئے ہوا کہ کوچس میں دھماکو اشیاء رکھی ہوئی تھیں اور کسی نامعلوم شخص نے اسے ڈیٹونیٹ کیا لہذا اس حادثہ کو سبوتاج کے زمرے میں رکھا گیا ہے جبکہ دوسری طرف تمل ناڈو سی بی ۔ سی آئی ڈی بھی اس دھماکے کی تحقیقات کررہی ہے۔