بھوپال۔ /6جون، ( سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعلیٰ مدھیہ پردیش شیو راج سنگھ چوہان نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست مدھیہ پردیش کے متعدد معاملات سے انھیں آگاہ کیا۔ انہوں نے کل مودی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں شال، ناریل اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا تھا۔ سرکاری طور پردی گئی ایک اطلاع کے مطابق شیوراج سنگھ چوہان نے مودی کے ساتھ متعدد مدعوں پر بات چیت کی جن میں منریگا کے طریقہ کار میں تبدیلی اور ترقیاتی کاموں کیلئے نئے پراجکٹس کا آغاز شامل ہے۔ مسٹر چوہان کے مطابق وزیر اعظم سے ’ سمہاستا‘ نامی ایک مذہبی و ثقافتی میلے کے بارے میں بھی تفصیلی بات چیت ہوئی جو دراصل کمبھ میلے سے مماثل ہوگا اور مدھیہ پردیش میں2016ء میں اس کا انعقاد ہوگا۔
کیتھلین اسٹیفنس نے عبوری
سفیرامریکہ کا عہدہ سنبھال لیا
نئی دہلی ۔ 6 جون (سیاست ڈاٹ کام) کھیتلین اسٹیفنس نئی عبوری سفیر امریکہ برائے ہندوستان نے آج امریکی سفارتخانہ میں عہدہ سنبھال لیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ اشتراک و تعاون کی منتظر ہیں تاکہ ہند ۔ امریکہ شراکت داری کو وسیع تر اور مستحکم بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری میں اضافہ پر توجہ دی جائیگی۔ کھیترین گذشتہ رات دہلی پہنچی تھیں۔ انہوں نے سابق سفیر نینسی پاویل کی 22 مئی کو روانگی کے بعد عہدہ سنبھالا ہے۔