نئی دہلی 23 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) نسلی ٹاملوں کی توقعات کو پورا کرنے کیلئے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ سری لنکا میں تمام فریقین کو چاہئے کہ وہ تعمیری انداز میں شراکت اور بقائے باہم کے جذبہ کے ساتھ کوشش کرنی چاہئے جو متحدہ سری لنکا کے دائرہ کار کے تحت ہو۔ سری لنکا کے ٹامل ارکان پارلیمنٹ کے ایک وفد کی ان سے ملاقات کے موقع پر نریندر مودی نے اس خیال کا اظہار کیا ۔ وفد نے انہیں سری لنکا کی صورتحال سے متعلق واقف کروایا اور بتایا کہ سری لنکا کی حکومت کی جانب سے شمال مشرقی علاقوں کی ثقافتی اور لسانی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے کوششیں ہو رہی ہیں اور ٹامل اکثریتی علاقوں میں فوج کو متعین کیا جا رہا ہے ۔ مودی نے ٹامل متحدہ اتحاد ( ٹی این اے ) کے وفد کو تیقن دیا کہ ہندوستان شمالی
اور مشرقی سری لنکا میں خاص طور پر ہاوزنگ ‘ روزمرہ کی زندگی کو بہتر بنانے ‘ صلاحیتوں کے فروغ ‘ تعلیم ‘ دواخانوں اور انفرا اسٹرکچر کے پراجیکٹس میں اپنی مدد اور باز آبادکاری کا سلسلہ جاری رکھے گا ۔ دفتر وزیر اعظم سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹی این اے کے وفد نے وزیر اعظم کو سری لنکا کی صورتحال اور قومی مصالحت سے متعلق ان کے خیلات اور توقعات سے وزیر اعظم کو واقف کروایا ہے ۔ وزیر اعظم نے ٹامل برادری کی مساوات ‘ عزت و احترام ‘ انصاف اور عزت نفس کیلئے ہورہی جدوجہد میں ان کی توقعات کو پورا کرنے کیلئے ایک سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔