بغداد 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم عراق حیدر العبادی سے قربت رکھنے والے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ مسٹر عبادی نے گذشتہ ہفتے یہ عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد برطانوی شہریت کو ختم کردیا ہے ۔ حیدرالعبادی کے قریبی تین عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی خواہش پر بتایا کہ انہوں نے حکومت سازی بعد برطانوی پاسپورٹ واپس کردیا ہے ۔ ان کی حکومت کو عراقی پارلیمنٹ نے 8 ستمبر کو منظوری دی تھی ۔ عراق کے دستور کے مطابق کوئی بھی عراقی شہری ایک سے زائد شہریتیں رکھ سکتا ہے تاہم اگر وہ کوئی سینئر سکیوریٹی یا سرکاری عہدہ حاصل کرلیتا ہے تو اسے دوسرے ملکوں کی شہریت ترک کردینی ہوتی ہے ۔