وزیر اعظم اپنے عہدہ کی عظمت اور وقار کو بر قرار رکھیں : شترو گھن سنہا

پٹنہ : بی جے پی ممبرپارلیمنٹ شترو گھن سنھا نے کرناٹک اسمبلی الیکشن میں تشہیر کے دو ران وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنی تقریروں میں جارحانہ رخ اختیار کرنے پر ناراضگی ظا ہر کی ۔انھوں نے وزیر اعظم کو ٹوئیٹر کے ذریعہ مشورہ دیا ہے کہ ’’ وزیر اعظم بننے سے کوئی ذہین نہیں بن جاتا بلکہ وزیر اعظم بننے کے لئے صلاحیت یا اہلیت کی ضرورت ہی نہیں ہے ۔

اسکے لئے صرف ایوان میں اکثریت درکار ہے ۔اس کے باوجود ہم کہتے ہیں کہ پیسے کی طاقت نہیں بلکہ عوامی طاقت مضبوط ہوگی ۔‘‘شترو گھن سنہا گذشتہ کچھ مہینوں سے بی جے پی کے اعلی وزراء سے سخت ناراض ہیں ۔انھوں نے ٹوئٹر پر صدر بی جے پی امیت شاہ اور وزیر اعظم کو لکھا ہے کہ ’’ میں عاجزی کے ساتھ ایک پرانے دوست فکر مند اور پارٹی کا حامی ہونے کے ناطہ سے مشورہ دیتا ہو ں کہ ہمیں حد پار نہیں کرنی چا ہئے ۔

ہمیں کسی بھی صورت میں ذاتیات پرنہیں اترنا چاہئے ۔اپنے مخالفین کا احترام کرنا چاہئے ۔وزیر اعظم کو اپنے عہدہ کی عظمت اور وقار کو بر قرار رکھنا چاہئے ۔انہیں فضول بحثوں میں نہیں پڑنا چاہئے ۔‘‘