بھوپال،27نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی مدھیہ پردیش یونٹ کے صدر اور سابق مرکزی وزیر کمل ناتھ نے آج کہا کہ ریاست میں پارٹی کے برسراقتدار آنے پر وزیراعلی کے بارے میں فیصلہ پارٹی کے صدر راہول گاندھی کریں گے۔ ریاست کی تمام 230سیٹوں کے لئے کل شام انتخابی تشہیر مہم ختم ہونے کے بعد اپنے آبائی شہر چھندواڑہ پہنچ کر انتخابات سے متعلق سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے مسٹر کمل ناتھ نے آج فو ن پر یو این آئی سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے عہدہ کے بارے میں 11دسمبر (ووٹو ں کی گنتی کے دن) کو ریاست کے عوام اور مسٹر راہول گاندھی طے کریں گے ۔الیکشن سے پہلے اپریل مہینہ کے آخری ہفتہ میں کانگریس کی مرکزی قیادت نے ریاستی صدر کے عہدہ کی کمان مسٹر کملناتھ کو سونپ دی تھی۔ اس کے ساتھ ہی سینئر لیڈر جیوتر آدتیہ سندھیا کو ریاستی انتخابی مہم کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ اس تبدیلی کے ساتھ ہی ریاست میں کانگریس نے انتخابات کی تیاریاں مزید تیز کردی تھیں۔ مسٹر کمل ناتھ سے پہلے ریاستی کانگریس کے صدر ارون یادو تھے ، جو اس وقت وزیراعلی شیوراج سنگھ چوہان کے خلاف بدھنی سے انتخابی میدان میں ہیں۔