کراچی۔ 3؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ پاکستان کرکٹ بورڈ گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس سے قبل پی سی بی کے چیئرمین چودہری ذکاء اشرف اراکین کو بگ تھری کے معاملے پر اعتماد کے کوشاں ہونے کے علاوہ انہوں نے وزیر اعظم سے ملاقات اور ان کی رہنمائی لینے کیلئے ایک اور مکتوب تحریر کردیا ہے۔ پی سی بی کے ذرائع کے مطابق نیشنل اکیڈمی میں شروع ہونے والے اجلاس میں بگ تھری کیحوالے سے کرکٹ بورڈ اپنی پالیسی طے کرے گا۔ ہفتے کو سنگاپور میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ذکاء اشرف اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کریں گے۔ ذکاء اشرف دبئی میں ہونے والے اجلاس اور آئندہ اجلاس کے بارے میں گورننگ بورڈ کو آگاہ کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کا تمام تر توجہ اگلے اجلاس پر ہوگا تاہم چین کے کوچ اور سابق ٹسٹ فاسٹ بولر راشد خان کے علاج کے اخراجات کے بارے میں بھی گورننگ بورڈ سے منظوری لی جائیگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ذکاء اشرف نے آئی سی سی بگ تھری کے معاملے پر پیٹرن چیف وزیر اعظم نواز شریف کو مکتوب ارسال کردیا ہے
جس میں انہیں دبئی میں آئی سی سی کے ہونیوالے اجلاس اور بگ تھری کے معاملے پر آگاہ کیا گیا ہے جبکہ کہا گیا ہے کہ اس معاملے میں آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے پیٹرن چیف سے مشاورت درکار ہے۔ ذکا اشرف نے کہا ہے کہ وہ آئی سی سی میں ہونے والی مجوزہ تبدیلیوں پر ڈٹ توگئے تھے لیکن اب انھیں یہ دیکھنا ہے کہ وہ مزید کس حد تک ڈٹے رہ سکتے ہیں۔ ذکا اشرف نے کہا کہ انھیں وزیر اعظم نواز شریف کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ آئی سی سی نے اس مسودے میں جو تبدیلیاں کی ہیں انھیں پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے سامنے رکھا جائے گا اور دیکھا جائے گا کہ کیا اس سے کرکٹ کے کھیل اور پاکستان کے مفاد کو نقصان تو نہیں پہنچ رہا اور پھر سب کی رائے کے بعد ہی فیصلہ کیا جائیگا۔ رائے شماری اور عالمی کرکٹ پر حکمرانی کے لئے انگلینڈ،ہندوستان اور آسٹریلیا کو ایک ووٹ درکار ہے۔