وزیراعظم کے مجوزہ دورہ اڈیشہ کیخلاف ماؤنوازوں کا احتجاج

بھوبنیشور31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ماؤنوازوں نے آج صبح اڈیشہ کے رائیگدا ضلع کے دوئیکالو ریلوے اسٹیشن میں دھماکہ کیا، اسٹیشن ماسٹر آفس میں توڑ پھوڑ مچائی اور پوسٹرس لگاتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کے آئندہ ماہ اِس ریاست کو مجوزہ دورہ پر اپنا احتجاج درج کرایا۔ ایسٹ کوسٹ ریلوے کے چیف پبلک ریلیشنس آفیسر جے پی مشرا نے کہاکہ 15 تا 20 ماؤنوازوں کے گروپ نے سنبھل پور ڈیویژن کے ریلوے اسٹیشن پر نصف شب کے کچھ دیر بعد ہلّہ کیا اور دفتر میں توڑ پھوڑ کی۔ انتہا پسندوں نے اسٹیشن ماسٹر ایس کے پریدا کو کھینچ کر دفتر سے باہر نکالا اور اسٹیشن کے احاطہ میں دھماکہ کیا۔ پریدا اور ایک قلی گوبند ہیکاکا کو اُنھوں نے کچھ دیر کیلئے یرغمال بھی بنائے رکھا۔
پاریکر معذرت خواہی کریں: کانگریس
پاناجی 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر سے معذرت خواہی کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ اُنھوں نے ریجنل پلان 2021 ء کی تیاری کے بارے میں قانون ساز اسمبلی میں ’’جھوٹے تیقنات‘‘ دیئے ہیں۔ 24مارچ کو اپنی بجٹ تقریر میں پاریکر نے یقین دلایا تھا کہ منصوبے کا مسودہ ریاستی حکومت رواں سال ڈسمبر تک مکمل کرلے گی۔