نئی دہلی۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج حکومت کے راجیہ سبھا میں دیئے ہوئے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے کبھی بھی اپنے پیشرو منموہن سنگھ کی یکجہتی پر اعتراض نہیں کیا تھا، انہوں نے کہا کہ ان کا شکریہ کیونکہ انہوں نے پورے ہندوستان کو یاد دلا دیا ہے کہ وزیراعظم کا مطلب وہ نہیں ہوتا جو وہ کہتے ہیں اور ان کا جو مطلب ہوتا ہے، وہ نہیں کہتے۔ راہول گاندھی کی یہ تنقید قائد ایوان ارون جیٹلی کی جانب سے راجیہ سبھا میں مختصر سے بیان کے چند گھنٹوں کے بعد منظر عام پر آئی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ گجرات انتخابی مہم کے دوران مودی نے منموہن سنگھ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹر پر ایک مضمون تحریر کیا جس کا نام ’’بی جے پی جھوٹ بولتی ہے‘‘۔
یوگی آدتیہ ناتھ پر 22 سالہ مقدمہ سے حکومت دستبردار
لکھنؤ۔ 27 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ چیف منسٹر اور 12 دیگر افراد کے خلاف مبینہ امتناعی احکام کی خلاف ورزی کے 22 سال قدیم مقدمہ سے دستبردار ہوجائے گی۔ انہوں نے 22 سال قبل مبینہ طور پر امتناعی احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک جلسہ منعقد کیا تھا۔ ایک سابق چیف منسٹر یادو نے سوال کیا کہ کیا خود چیف منسٹر اپنے خلاف مقدمہ سے دستبرداری کے احکامات جاری کریں گے۔ یوپی کے فوجداری قانون ترمیمی بل 2017ء کی ریاستی اسمبلی میں پیشکشی سے پہلے آدتیہ ناتھ نے ایوان سے کہا کہ 20 ہزار مفادِ حاصلہ پر مبنی مقدمات سے دستبرداری اختیار کی جائے گی۔