وزیراعظم کے خلاف شیوسینا کی تنقید سے نتیش کمار کا اتفاق

پٹنہ ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے منگولیہ کے لیے ایک بلین ڈالر کے قرض کے اعلان پر شیوسینا کی تنقید سے اتفاق کیا ہے اور کہا کہ این ڈی اے میں حتی کہ حلیف جماعتوں کی بات نہیں سنی جارہی ہے ۔ شیوسینا کے ترجمان سامنا میں شائع تبصرہ پر ردعمل ظاہر کرنے کی خواہش پر نتیش کمار نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پر شیوسینا کی تنقید سے صد فیصد اتفاق کرتا ہوں ۔ تحویل اراضی بل پر این ڈی اے کی حلیفوں میں اختلافات کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب بی جے پی کی اجارہ داری قائم ہوگئی ہے اور حلیف جماعتوں کے نقطہ نظر کی پرواہ بھی نہیں کررہی ہے ۔ چین اور جنوبی کوریا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان پر بی جے پی اقتدار میں آنے سے قبل ہندوستانی عوام یہاں پیدا ہونے پر شرمندگی محسوس کرتے تھے ۔ شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ ہر ایک ہندوستانی ، ہندوستان میں پیدا ہونے پر فخر محسوس کرتا ہے ۔