وزیراعظم کی ہدایت پر کئی اہم فائلس تلف ، راجیہ سبھا میں ہنگامہ

نئی دہلی ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ایم رکن پی راجیو نے آج راجیہ سبھا میں یہ کہتے ہوئے ہنگامہ کھڑا کردیا کہ وزارت داخلہ نے وزیراعظم کی ہدایت پر گاندھی جی کے قتل سے متعلق بعض اہم فائلس کو تلف کردیا ہے۔ حکومت نے اس دعوے کی تردید کی۔ وقفہ صفر کے دوران انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے 1.5 لاکھ سے زائد اہم فائلس کو تلف کردیا ان میں گاندھی جی کے قتل اور اس کے فوری بعد منعقدہ کابینی مباحث سے متعلق اہم و تاریخی دستاویزات بھی شامل ہیں۔ ایوان میں ان ریمارکس پر ہنگامہ شروع ہوگیا۔ وزیرقانون روی شنکر پرسادنے اس الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے ایسی کوئی ہدایات نہیں دیں۔ ہنگامہ آرائی کے دوران کرسی صدارت نے ایوان کی کارروائی ایک گھنٹے کیلئے ملتوی کردی۔