نئی دہلی ۔ 20 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان اور چین کے بارے میں نرم پڑ جانے کا مورد الزام ٹھہراتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ پرعزم لیڈر پست حوصلہ بن چکے ہیں ۔ کانگریس نے یہ دونوں پڑوسیوں کے تعلق سے حکومت کی پالیسیوں کو ’’اُلجھن آمیز ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم کے بیرون ملک دوروں میں ڈپلومیسی اعلیٰ درجہ کی نہیں دکھائی دی بلکہ کلیدی نوعیت کی منصوبہ بندی میں انحطاط نظر آیا ۔ سینئر پارٹی لیڈر کپل سبل نے میڈیا والوں کو بتایا کہ مکمل اُلجھن کا دور دورہ ہے ۔ ڈپلومیسی کوئی ساؤنڈ اور لائٹ شو کی مانند نہیں ہوتی بلکہ اس میں گہری سوجھ بوجھ کے ساتھ منصوبہ بندی کی ضرورت پڑتی ہے ۔ اس حکومت میں تجربے اور فہم دونوں کا فقدان ہے ۔ بڑے جوش و خروش والے لیڈر کے حوصلے پست ہوچکے ہیں۔