وزیراعظم کی معاشی مشاورتی کونسل سے سرجیت بھلہ مستعفی

نئی دہلی 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ممتاز ماہر معاشیات و کالم نگار سرجیت بھلہ نے وزیراعظم کی معاشی مشاورتی کونسل جزٰقتی رکن کی حیثیت سے یکم ڈسمبر کو استعفیٰ دیدیا۔ بھلہ نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’مَیں نے وزیراعظم کی معاشی مشاورتی کونسل کی جزوقتی رکنیت سے یکم ڈسمبر کو استعفیٰ دیدیا‘۔ وزیراعظم کے دفتر (پی ایم او) کے ترجمان نے کہاکہ وزیراعظم کی طرف سے بھلہ کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ ’اُنھوں (بھلہ) نے اپنی درخواست میں بیان کیا ہے کہ وہ کسی دوسرے ادارہ سے وابستہ ہورہے ہیں‘۔ وزیراعظم کی معاشی مشاورتی کونسل ایک آزاد ادارہ ہے جو حکومت کو معاشی اُمور سے متعلق مسائل پر مشورہ دینے کے لئے تشکیل دی گئی ہے۔ ممتاز ماہرین معاشیات پر مشتمل چھ رکنی کونسل میں بیبیک دیب رائے (صدرنشین)، شری رتن پی راٹل (ممبر سکریٹری)، راگھن رائے (جزوقتی رکن)، ایشما گوئیل (جزوقتی رکن) اور شامیکا روی (جزوقتی رکن) شامل ہیں۔