وزیراعظم کی صدر سے ملاقات

نئی دہلی ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کے رائزینا ہل کے قریب دھرنا کے پس منظر میں وزیراعظم منموہن سنگھ نے آج صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کی اور سمجھا جاتا ہے کہ صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ راشٹراپتی بھون کے ترجمان نے کہا کہ دونوں کی ملاقات کی ہوئی لیکن کیا بات ہوئی اس تعلق سے کوئی تفصیلات کے انکشاف سے انکار کردیا۔ دونوں نے ہوسکتا ہے ایک منتخب چیف منسٹر کی جانب سے احتجاجوں کے انعقاد اور آنے والے یوم جمہوریہ تقاریب کو پانچ روز قبل عملاً درہم برہم کردینے کی دھمکی سے پیدا شدہ عدیم النظیر صورتحال پر غور و خوض کیا۔آنے والا پارلیمانی سیشن بھی ہوسکتا ہے، اس بات چیت میں مختصر طور پر زیر گفتگو رہا۔

راجیہ سبھا انتخابات کا عمل شروع
نئی دہلی ۔ 21 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا کیلئے 16 ریاستوں سے 55 نشستوں کو پر کرنے کے سلسلہ میں 7 فروری کے الیکشن کا عمل آج الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ شروع ہوگیا۔ 28 جنوری تک نامزدگیوں کا ادخال،29 جنوری کو تنقیح اور 31 جنوری تک دستبرداری ہوگی۔