وزیراعظم کی صحت اسکیم پر عمل آوری سے 2 بی جے پی ریاستوں کا پس و پیش

راجستھان میں پہلے سے ریاستی اسکیم نافذ ، حکومت مہاراشٹرا کا فنڈس کی قلت کا بہانہ ، اُڈیشہ بھی عمل آوری کیلئے تیار نہیں

نئی دہلی۔8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی حکومت کی پُرعزم آیوشمان بھارت قومی صحت حفاظتی اسکیم (اے بی۔ این ایچ پی ایس) کو زبردست دھکہ لگا جب بی جے پی کے زیراقتدار دو ریاستوں راجستھان اور مہاراشٹرا نے اس پر عمل آوری سے پس و پیش کا اظہار کردیا۔ ایک اعلیٰ سرکاری عہدیدار کے مطابق راجستھان اور مہاراشٹرا کی حکومتیں، اس قومی صحت اسکیم پر عمل آوری سے پس و پیش کررہی ہیں، کیونکہ ان ریاستوں میں اس سے مماثل دیگر پراجیکٹس پہلے ہی آبادی کے ایک بڑے حصہ کا احاطہ کررہے ہیں۔ مودی حکومت کی آیوشمان ببھارت قومی صحت حفاظتی اسکیم ملک کے 10 کروڑ غریب خاندانوں کا احاطہ کرے گی اور یہ خاندان کیلئے سالانہ 5 لاکھ روپئے کے طبی معائنہ کا احاطہ کیا جائے گا۔ اس عہدیدار نے کہا کہ حکومت راجستھان نے اگرچہ اس مرکزی اسکیم کا خیرمقدم کیا ہے لیکن انہیں یقین نہیں ہے کہ اس پر کسی طرح عمل آوری کی جائے کیونکہ وہاں ’’بھیماشاہ سواسٹھ بیما یوجنا‘‘ پہلے سے لاگو ہے جس کے تحت 4.5 کروڑ افراد کو فنڈس کے بغیر دیکھ بھال فراہم کی جارہی ہے۔ آیوشمان بھارت کے سی ای او ڈاکٹر اندو بھوشن جمعہ کو راجستھان کی چیف منسٹر وسندھرا راجے سے اس مسئلہ پر بات چیت کرچکی ہیں۔ دوسری طرف حکومت مہاراشٹرا نے فنڈس کی کمی کو مودی حکومت کی اس اسکیم پر عمل آوری نہ کرنے کی وجہ بتائی ہے۔ حکومت مہاراشٹرا مہاتما جیوتی باپھولے جن آر وگیہ یوجنا چلا رہی ہے۔ اس کلیدی ہیلتھ انشورینس اسکیم کے تحت 2.2 کروڑ افراد کو فی کس 2 لاکھ روپئے کا انشورینس فراہم کیا جائے گا۔ حکومت اڈیشہ بھی پہلے ہی مرکز کی اس اسکیم کو روبہ عمل لانے سے انکار کرچکی ہے اور کہا ہے کہ وہ پہلے ہی ’’بیجو سواستھ کلیان یوجنا‘‘ سے موسوم ایک اسکیم چلا رہی ہے جس کے استفادہ کنندگان مرکز کی آیوشمان بھارت کے استفادہ کنندگان کے مقابلہ کہیں زیادہ ہے۔ مودی حکومت 15 اگست کو یہ ہندوستان بھر میں نافذ کرنے کیلئے بے چین ہے۔

چدمبرم کے گھر سے زیورات اور نقد رقم کا سرقہ
چینائی ۔ /8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پی چدمبرم کی رہائش گاہ سے دو لاکھ روپئے مالیتی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا گیا ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے پی ٹی آئی سے کہا کہ 1.5 لاکھ روپئے نقد اور ایک لاکھ روپئے مالیتی طلائی زیورات گزشتہ چند روز سے لاپتہ پائے گئے اور حال ہی میں سرقہ کا پتہ چلا ہے ۔ سابق وزیر فینانس کے گھر کام کرنے والے چند افراد پر شک کا اظہار کیا گیا ۔ ہے ۔ کیونکہ چدمبرم کی رہائش گاہ پر پولیس سکیورٹی کا پہرہ رہتا ہے ۔