یدی ۔ ریڈی اتحاد اقتدار پر واپس آکر کرناٹک کی لوٹ کھسوٹ کا خواہاں : کانگریس
بنگلورو۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے جے ڈی ایس صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا کی دل کھول کر انتخابی جلسہ میں تعریف کرنے کے ایک دن بعد انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کے قریب آرہی ہیں۔ دیوے گوڑا ، چیف منسٹر سدا رامیا پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سدا رامیا 2004ء میں کرناٹک کے چیف منسٹر بنے تھے اور اس کے لئے انہوں نے بی جے پی اور جے ڈی ایس کی مدد لی تھی۔ وہ اس وقت جے ڈی ایس میں تھے۔ عملی اعتبار سے مودی کی راہول گاندھی پر تنقید کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے ان کی توہین کی ہے۔ جے ڈی ایس کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ کرناٹک کا سپوت وزیراعظم بن چکا ہے اور سدا رامیا کرناٹک کے سپوتوں کا فخر تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک کے فخر کا احترام کیا تھا۔ دیوے گوڑا متحدہ محاذ حکومت کے وزیراعظم تھے۔ یہ 1996-97ء کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی ایس 12 مئی کے انتخابات کے بعد دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے معلق اسمبلی کے امکانات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ہمدردی حاصل کریں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ بی جے پی اور جے ڈی ایس کے درمیان مفاہمت ہوچکی ہے۔ درحقیقت جے ڈی ایس کو اعتماد ہے کہ وہ آئندہ حکومت اپنے بل بوتے پر تشکیل دے گی۔ آندھرا پردیش کے چندرا بابو نائیڈو اور تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ اور دیگر سیاسی میدان کے دوستوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اور دوبارہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم اپنے بل بوتے پر حکومت تشکیل دیں گے۔ معلق اسمبلی وجود میں آنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔ نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے آج وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ بی ایس یدی یورپا کا نام کرپشن سے پاک بنانا چاہتے ہیں اور اس کے لئے وہ سی بی آئی کو استعمال کررہے ہیں۔
یدی ۔ ریڈی اتحاد برسراقتدار آکر ریاست کرناٹک کی لوٹ کھسوٹ کرنا چاہتا ہے۔ کانگریسی قائد راجیو شکلا نے بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ختم ہورہی ہے ۔ یدی یورپا کے خلاف کئی مقدمے درج ہیں اور مودی چاہتے ہیں کہ انہیں ایک پاک و صاف شخصیت بناکر پیش کریں۔ کانگریس قائد راجیو شکلا نے سوال کیا کہ کیا وزیراعظم اور صدر بی جے پی امیت شاہ وضاحت کریں گے کہ یہ رسواء کن سازش اس پر ڈھکن رکھ دینے سے چھپ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ عوامی رقم لوٹنا چاہتے ہیں اور بی جے پی کو کرپشن کے بارے میں بات چیت کرنے کا کوئی حق نہیں پہنچتا کیونکہ اس کے چیف منسٹری کے دعویدار امیدوار بی ایس یدی یورپا ہر قسم کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں اور پارٹی سے کئی سال تک دور رہے تھے۔ کئی سال قبل ان پر کرپشن کے الزامات عائد ہوئے تھے۔ یدی ۔ ریڈی گروہ کرناٹک کی سیاست میں واپس آگیا ہے اور بی جے پی کی قیادت اس کارنامہ کیلئے ذمہ دار ہے۔ وہ دوبارہ کرناٹک پر حکومت کرنا چاہتے ہیں اور ریاست کرناٹک کے قیمتی اثاثہ جات کی لوٹ کھسوٹ کرنا چاہتے ہیں۔ اس لئے وہ کرناٹک کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ان یدی ۔ ریڈی گروہ کو اقتدار سے دور رکھیں۔ اگر وہ کرناٹک پر برسراقتدار آجائیں تو دوبارہ ریاست میں لوٹ مار شروع کردیں گے۔ راجیو شکلا نے نشاندہی کی کہ یدی یورپا کو جیل بھیج دیا گیا تھا، کیونکہ انہوں نے کرناٹک میں کرپشن کا ارتکاب کیا تھا اور اب وہی کرناٹک میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔ بی جے پی کو چیف منسٹر کے عہدہ کے امیدوار میں کوئی خرابی نظر نہیں آتی اور وہ انہیں واپس لانا چاہتی ہے۔