اندور 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع اندور کے تحت مہو ٹاؤن میں کانگریس کے تین کارکنوں کو گزشتہ روز ان کی پارٹی کی طرف سے منائے گئے بھارت بند کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کی ایک تصویر پر سیاہی پوت دینے کے الزام کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے کہاکہ کانگریس کے کارکنوں نے مہو کے ایک پٹرول پمپ کے پاس موجود ہورڈنگ پر موجود وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر پر مبینہ طور پر سیاہی پوت دی تھی۔ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں ہولناک اضافہ کے خلاف کانگریس کی طرف سے پیر کو بھارت بند منایا گیا تھا۔ گرفتار شدگان کی شناخت پپو خان، انکت ڈھولی اور سوربھ بوراسی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ ایڈیشنل سپرٹنڈنٹ پولیس نے یہ تفصیلات بتاتے ہوئے مزید کہاکہ ’’یہ کانگریسی کارکن بھی ضلع مستقر سے 25 کیلو میٹر دور واقع مہو کے آر سی ایم علاقہ میں ایک پٹرول پمپ پر گڑبڑ پیدا کرنے والے احتجاجیوں کا ایک حصہ تھے‘‘۔ ناگیندر سنگھ نے کہاکہ احتجاجیوں نے سیڑھی کے ذریعہ پمپ کے ہورڈنگ پر چڑھ کر وہاں موجود وزیراعظم کی تصویر پر سیاہی پوت دی۔