وزیراعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو 2019ء انتخابات کے بھی امیدوار

مانٹیریال ۔ 20 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم کینیڈا جسٹن ٹروڈو نے آج اعلان کیا کہ 2019ء میں منعقد شدنی مقننہ کے انتخابات میں وہ ایک بار پھر قسمت آزمائی کریں گے۔ مانٹیریال کے وسطی ڈسٹرکٹ پاپی نیو کیلئے لبرل پارٹی کے قائد کو پارٹی نے نامزد کرنے کا اعلان کیا۔ پاپی نیو ڈسٹرکٹ کی موصوف 2008ء سے نمائندگی کرتے آئے ہیں جبکہ 2011ء اور 2015ء میں ان کا دوبارہ انتخاب بھی عمل میں آیا تھا۔ یاد رہیکہ جسٹن ٹروڈو ہمیشہ سے ہی ملک کو مستحکم کرنے پر زور دیتے آئے ہیں۔ انہوں نے ڈر اور خوف کی سیاست سے ہمیشہ گریز کیا اور اس بنیاد پر وہ اقوام کو تقسیم کرنا نہیں چاہتے۔ ان کا ماننا ہیکہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں ایک اچھا قائد ہمیشہ مثبت طرزفکر ہی اختیار کرتا ہے اور یہ چاہتا ہیکہ عوام میں کوئی تفریق پیدا نہ ہو۔ انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ کینیڈا میں اب غریب اور امیر کے درمیان زیادہ فرق نہیں ہوگا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ جاریہ سال وسط جولائی میں انہوں نے اپنی کابینہ میں معمولی ردوبدل بھی کی تھی جس سے یہ اندازہ لگایا جاسکتا ہیکہ موصوف 21 اکٹوبر 2019ء کو منعقد شدنی انتخابات کی راہ ہموار کررہے ہیں۔