وزیراعظم کا موقف پھر تبدیل، شردپوار سے قربت

نئی دہلی۔ 16 فروری (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر صدر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی ) شرد پوار کے ساتھ ان کی حالیہ قربت کی بناء پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مودی نے ’’ایک بار پھر اپنا موقف برعکس ‘‘کرلیا ہے۔ انہوں نے این سی پی کو ’’نیچرلی کرپٹ پارٹی‘‘قرار دیاتھا۔ ڈگ وجئے نے کہا کہ این سی پی (نیچرلی کرپٹ پارٹی) مودی کیلئے اتنی کرپٹ نہیں ہے ۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر اپنا موقف برعکس کرلیا ہے۔ ’’نریندر بھائی ! اپنا موقف بار بار یکسر بدلتے رہتے ہیں‘‘۔ مودی نے پوار کے ساتھ مہاراشٹرا کے بارہ متی میں ہفتہ کو ایک ہی شہ نشین پر شرکت کی تھی جس کے نتیجہ میں یہ قیاس آرائیاں گرم ہوگئی ہیںکہ دونوں پارٹیوں میں گزشتہ سال کی تلخی کے بعد دوبارہ قربت پیدا ہورہی ہے۔ وزیراعظم مودی نے مہاراشٹرا انتخابات کے دوران گزشتہ سال این سی پی کو ’’نیچرلی کرپٹ پارٹی‘‘ قرار دیا تھا۔ ان کے دورہ سے وزیراعظم کے ساتھ شرد پوار کی دوبارہ قربت پیدا ہوگئی ۔ پوار کو ایک تجربہ کار قائد قرار دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ این سی پی لیڈر سے ہر ماہ دو مرتبہ سے زیادہ بات چیت کرتے ہیں، پوار کو ہمیشہ کاشت کاروں کی بُری حالت کا خیال رہتا ہے۔ ڈگ وجئے نے مزید کہا کہ آج کا دن ذرائع ابلاغ کیلئے اچھا دن ہے۔ وہ تمام پرانے ٹیپس نکال سکتے ہیں جن میں مودی نے قبل ازیں کیا کہا اور پوار نے ماضی میں کیا کہا تھا۔ مودی نے کہا کہ ہمارے نظریات مختلف ہوسکتے ہیں لیکن قومی مفاد دونوں کیلئے ترجیح ہے۔ بی جے پی اپنی حلیف شیوسینا کے ساتھ مہاراشٹرا میں مشکلات محسوس کررہی ہے اور ایک طاقتور این سی پی کا مطلب یہ ہوگا کہ ایک بڑے مخالف کو ساتھ لے لیا جائے۔ کانگریس کمزور ہوچکی ہے۔ ایک اور کانگریس قائد منیش تیواری نے وزیراعظم کے برقی مسئلہ پر تبصرے کی بنیاد پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مسٹر وزیراعظم ! آپ کو پنجاب میں اکالی۔ بی جے پی حکومت سے جاکر کہنا چاہئے کہ پنجاب کے کاشت کاروں کو مفت برقی سربراہی بند کردے یا پھر اپنی لفاظی سے باز آجانا چاہئے‘‘۔ انہوں نے ٹوئٹر پر تحریر کرتے ہوئے وزیراعظم کے کل کے بیان کا مضحکہ اُڑایا ، جس میں انہوں نے ان سیاسی پارٹیوں پر برہمی ظاہر کی تھی جو عوام کو مفت برقی سربراہی کا تیقن دیتے ہیں۔ اکالی دل۔ بی جے پی مخلوط حکومت پنجاب میں کاشت کاروں کو مفت برقی سربراہ کررہی ہے۔