نئی دہلی ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی سری لنکا کے ٹامل غالب آبادی والے علاقہ جافنا کا دورہ کریں گے اور آئندہ ہفتہ سے سری لنکا کے تین روزہ دورہ کے موقع پر ملک کی پارلیمنٹ سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیراعظم ہند جافنا کا دورہ کریں گے اور اس کے بعد سری لنکا کی پارلیمنٹ سے خطاب کریں گے۔ وہ پہلے وزیراعظم ہند ہیں اور وزیراعظم برطانیہ ڈیوڈ کیمرون کے بعد دوسرے سربراہ حکومت ہے جو جافنا کا دورہ کریں گے۔ ہندوستان میں انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کے پراجکٹس کی ذمہ داری لی ہے جس میں سابق خانہ جنگی سے متاثرہ علاقہ میں 50 ہزار مکانوں کی تعمیر بھی شامل ہے۔ پنڈت جواہر لال نہرو، اندراگاندھی اور مرارجی دیسائی کے بعد سری لنکا کی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے نریندر مودی چوتھے وزیراعظم ہند بھی ہوں گے۔ ان کا دورہ صدر سری لنکا کے دورہ ہند کے اندرون ایک ماہ ہورہا ہے۔ گذشتہ ماہ دونوں ممالک نے سیول نیوکلیئر معاہدہ پر دستخط کئے تھے۔
حصول اراضی قانون : مودی پر کانگریس کی تنقید
نئی دہلی ۔ 5مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ لوک سبھا میں اپنی اکثریت کو جمہوری ناراضگی کو کچلنے کیلئے استعمال کررہے ہیں۔ متنازعہ حصول اراضی قانون منظور کروانا چاہتے ہیں حالانکہ اپوزیشن کی جانب سے اس کے خلاف آواز اٹھائی گئی ہے۔ کانگریس کے نئے ترجمان رنویر سرجے والا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی کے کھنڈوا میں تبصرہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ الزام عائد کیا۔