وزیراعظم پاکستان کی کراچی آمد ‘ مزار پر حاضری

فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی مزاروں پربھی فاتحہ خوانی ‘ گورنر اور چیف منسٹر سندھ نے استقبال کیا
اسلام آباد ۔ 16 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔عمران خان کراچی ایئر پورٹ سے بذریعہ ہیلی کاپٹر مزار قائد روانہ ہوئے جہاں پر انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی اور محترمہ فاطمہ جناح اور لیاقت علی خان کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی۔وزیر اعظم اپنے دورہ کراچی میں امن و امان اور وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں سے متعلق اجلاسوں کی صدارت بھی کریں گے۔عمران خان وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے کے اتوار کو پہلی بار کراچی کے ایک روزہ دورے پر آئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی آمدپر روایت کے برعکس تمام اجلاس گورنر ہاؤس کے بجائے اسٹیٹ گیسٹ ہاوس میں ہوں گے۔وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاق کے تعاون سے کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس ہو گا جس میں گرین لائن بس منصوبے، فراہمی اب کے منصوبے کے فور اور کراچی پیکیج پر بریفنگ دی جائے گی۔اس موقع پر وزیر اعظم کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس بھی ہو گا جس میں گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ شرکت کریں گے۔وزیر اعظم اسٹیٹ گیسٹ ہاوس میں پودا لگانے کے علاوہ تاجروں، نمایاں شخصیات اور صحافیوں کے وفود سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔اتوار کی رات وزیر اعظم گورنر ہاوس میں فنڈ ریزنگ عشائیے میں شرکت کریں گے اور اسی رات اسلام آبادروانہ ہو جائیں گے۔