ایم کیو ایم کو ساتھ لیکر چلنے کا عزم،دورہ میں معاون خصوصی، سربراہ فوج اور ڈائرکٹر جنرل آئی ایس آئی شامل
اسلام آباد ۔12 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم پاکستان نواز شریف دو روزہ دورے پر آج ترکی روانہ ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق نوازشریف سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کیلئے ترکی کے سرکاری دورے پر انقرہ روانہ ہو ئے۔وزیراعظم ایک دن انقرہ اور ایک روز استنبول میں قیام کریں گے۔ اُن کے ہمراہ ترکی جانے والے وفد میں بیگم کلثوم نواز ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی ، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شامل ہیں۔پاکستانی وزیر اعظم انقرہ میں ہونے والی پاکستان، ترکی اور افغانستان کی سہ فریقی کانفرنس میں شرکت کریں گے ،جس میں افغانستان سے امریکی فوج کی واپسی کے بعد سکیورٹی کی صورت حال اور خطے پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف کی افغان صدر حامد کرزئی، ترک صدر عبداللہ گل اور میزبان وزیراعظم طیب اردگان سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ساتھ لیکر چلیں گے اور ان کے تمام تحفظات دور کئے جائیںگے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بات وزیراعظم نے منگل کو ایم کیو ایم کے رہنما بابر غوری سے ٹیلی فونی رابطے کے دوران کہی۔ اس رابطے میں ایم کیو ایم کے کارکنان پر تشدد اور لاپتہ کئے جانے سے متعلق معاملات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے ترکی کے دورہ سے واپسی کے بعد مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی جبکہ وزیراعظم نے وزیر داخلہ چودھری نثار کو کراچی بھیجنے کی بھی یقین دہانی کرا دی۔