وزیراعظم نریندر مودی کی آج ایس سی او چوٹی کانفرنس میں شرکت

تنگڈاؤ (چین) ۔ 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی کل یہاں دو روزہ دورہ پر پہنچ رہے ہیں جہاں وہ سالانہ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن (SCO) چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ توقع ہیکہ ہندوستان عالمی سطح پر دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کا مدعا اٹھائے گا۔ یاد رہیکہ چین کی اجارہ داری والے SCO گروپ کا ہندوستان ایک مکمل رکن بن چکا ہے جس کے بعد یہ توقع کی جارہی ہیکہ دونوں ممالک کے تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا۔ نریندر مودی صدر چین ژی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے جہاں توقع ہیکہ دونوں قائدین تجارت کے علاوہ سرمایہ کاری کے شعبہ کو بھی مستحکم کرنے بات چیت کریں گے۔ یاد رہیکہ صرف چند ہفتے قبل دونوں قائدین چین کے شہر ووہان میں ملاقات کرچکے ہیں۔