نئی دہلی۔ 24 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو سیئول امن انعام برائے 2018ء عطا کیا گیا ہے۔ بین الاقوامی تعاون اور عالمی معاشی ترقی کو فروغ دینے میں ان کے رول کیلئے انہیں یہ انعام دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ اُمور نے آج ایک بیان میں کہا کہ مودی نے اس باوقار اعزاز کیلئے اظہار تشکر کیا ہے اور جمہوریہ کوریا کے ساتھ ہندوستان کے بہتر تعلقات اور گہری شراکت داری کی روشنی میں انہوں نے اس ایوارڈ کو قبول کیا ہے۔ وزارت خارجہ اُمور کے ترجمان اویش کمار نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو ہندوستان اور دنیا میں معاشی ترقی، عالمی امن اور ہندوستان میں جمہوریت کے استحکام میں ان کے رول کیلئے باوقار سیئول امن انعام 2018ء عطا کیا گیا ہے۔ وزارت نے کہا کہ نریندر مودی کو یہ ایوارڈ سیئول پیس پرائز فاؤنڈیشن کی جانب سے ایک باہمی سہولت کے وقت پر پیش کیا جائے گا۔ سیئول امن انعام کو 1990ء میں سیئول میں منعقدہ 24 ویں اولمپک گیمس کی کامیابی کی یاد میں قائم کیا گیا ہے۔