کٹھمنڈو۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج نیپال کے شہرۂ آفاق صدیوں قدیم پشوپتی ناتھ مندر میں خصوصی پوجا کی اور بعدازاں کہا کہ انہیں انتہائی عنایات ہونے کا احساس ہورہا ہے۔ 63 سالہ مودی راسخ العقیدہ ہندو ہیں اور انہوں نے شیو جی کے اس مندر میں 45 منٹ گزارے۔2,500 کیلوگرام صندل کی لکڑی مندر کو عطیہ دی۔ خصوصی پوجا میں 150 پوجاریوں نے حصہ لیا۔ مودی نے رودرا ابھیشیک انجام دیا اور پنچ امرتھ اَشناس کیا ۔ وزیراعظم ہند نے سیاحوں کی کتاب میں تحریر کیا کہ یہ مندر منفرد نوعیت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشوپتی ناتھ مندر اور وارناسی کے کاشی وشواناتھ مندر یکساں ہیں۔ وہ جذبات سے مغلوب ہوگئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پشوپتی ناتھ کی آشرواد ہونے کا احساس ہورہا ہے۔ یہی آشرواد ہندوستان اور نیپال کو متحد کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔