نئی دہلی ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج خواہش کی کہ وزیراعظم نریندر مودی کو بحیثیت رکن پارلیمنٹ نااہل قرار دیا جائے کیونکہ وہ ’’سچا اور درست‘‘ بیان جو واراناسی لوک سبھا انتخابات میں ان کے اخراجات کے بارے میں تھا، داخل کرنے سے قاصر رہے ہیں اور یہ انتخابی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ کل ہند کانگریس کے قانونی شعبہ کے معتمد کے سی متل نے الیکشن کمیشن کے اجلاس پر مقامی پارٹی قائدین راجیش مشرا سابق رکن پارلیمنٹ اور مقامی پارٹی کے صدر پرجاناتھ شرما کے ساتھ پیش ہوکر الیکشن کمیشن کے اجلاس کاملہ سے یہ مطالبہ کیا۔ اجلاس کاملہ نے ان سے اس معاملہ کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔ ایک تخمینہ کے بموجب ہائی ٹیک انتخابی مہم 2 کروڑ روپئے مالیتی اور یہ سب وزیراعظم انتخابی خرچ میں شامل کئے جانے چاہئیں جبکہ مودی نے ادعا کیا ہیکہ انہوں نے اس کی رقم خرچ نہیں کی تھی۔ کانگریس نے کہا کہ مودی نے ایک مہنگے علاقہ میں 14 منزلہ عمارت میں اپنا انتخابی دفتر قائم کیا تھا۔