نئی دہلی ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک آن لائین سروے میں حصہ لینے والے زائد از 63 فیصد شرکاء نے نریندر مودی پر اپنے ’’بھروسہ‘‘ کا اظہار کیا اور زائد از 50 فیصد نے کہا کہ ان کیلئے دوسری میعاد عوام کیلئے بہتر مستقبل فراہم کرے گی۔ یہ سروے نیوز پورٹل ’ڈیلی ہنٹ‘ اور ڈاٹا انالیٹکس کمپنی ’نیلسن انڈیا‘ نے زائد از 54 لاکھ شرکاء کی رائے پر مبنی ہے، جو اندرون و بیرون ملک سے آن لائین حصہ لئے ہیں۔ سروے کرنے والوں نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ 63 فیصد شرکاء نے مودی پر کم و بیش اسی نوعیت کے اعتماد کا اظہار کیا جیسے 2014ء میں دیکھنے میں آیا (جب وہ برسراقتدار آئے) جو گزشتہ چار سال میں اُن کی قائدانہ قابلیتوں پر اطمینان کا نمائندہ ہے۔ تاہم، کانگریس نے اس سروے کو ’’بیکار‘‘ اور ’’فرضی‘‘ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے کہا کہ مایوس مودی حکومت عوام کا بھروسہ کھوچکی ہے اور پانچ چناؤ والی ریاستوں میں یقینی شکست کا سامنا کررہی ہے۔ اب صرف غلط طریقوں سے جمع کردہ مالی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے فرضی سروے کا سہارا لیا جارہا ہے تاکہ واجبیت تلاش کی جاسکے۔