نئی دہلی ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب لوک سبھا انتخابات کے صرف دو مرحلے باقی رہ گئے ہیں کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کہا کہ اب تبدیلی کا وقت آ گیا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کا وقت پورا ہوچکا ہے۔ راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ نوجوانوں اور بوڑھے تمام ووٹرس اب غریبی کے خاتمہ کیلئے اقل ترین آمدنی کی طمانیت سے متعلق اسکیم (نیائے) کیلئے کانگریس کے حق میں ووٹ دے رہے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہیکہ یہ ایک طاقتور نظریہ ہے۔ کانگریس نے اعلان کیا ہیکہ اس کو اقتدار ملنے کی صورت میں ملک کے غریب ترین خاندانوں کو سالانہ 72000 روپئے دیئے جائیں گے۔ راہول گاندھی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ہندوستان بھر میں نہ صرف نوجوان ہی نیائے کو ووٹ دینے کیلئے کثیر تعداد میں آگے آرہے ہیں بلکہ عمر رسیدہ اور زائد تجربہ کار افراد بھی محسوس کررہے ہیں کہ یہ نظریہ کس حد تک طاقتور ہے‘‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’مودی جی اب آپ کا وقت پورا ہوچکا ہے اور تبدیلی کا وقت آچکا ہے‘‘۔
کانگریس نے لوک سبھا انتخابات کی مہم کے آغاز کے موقع پر گذشتہ ماہ ’’اب ہوگا نیائے‘‘ کا نعرہ دیا تھا، جس کا مطلب غریب خاندانوں کو اقل ترین آمدنی کی فراہم بتایا گیا ہے۔
چوکیدار چور ہے کا نعرہ، نوجوانوں نے بنایا:راہول گاندھی
بھنڈ ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے کہا کہ چوکیدار چور ہے کا طنزیہ نعرہ وہ یا ان کی پارٹی کی طرف سے متعارف نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوجوانوں اور کسانوں نے یہ نعرہ دیا ہے۔ راہول گاندھی نے یہاں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو رافیل طیارہ معاملت پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ مؤخرالذکر (مودی) نے ایک ’چور صنعتکار‘ انیل امبانی کو اس معاملت کی فراہمی کو یقینی بنایا۔