وزیراعظم مودی کا منگل سے سہ ملکی سفر، مالدیپ کا دورہ منسوخ

نئی دہلی ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی 10 مارچ کو بحرہند میں واقع تین ملکوں سیشلز، ماریشیس اور سری لنکا کے دورہ پر روانہ ہوں گے، وزارت امورخارجہ نے آج یہ اعلان کیا۔ تاہم اس میں مجوزہ دورۂ مالدیپ کا کوئی تذکرہ نہیں کیا گیا ہے اور نہ ہی اس فیصلہ کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی وضاحت کی گئی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق مالدیپ میں سابق صدر محمد نشید کی حالیہ گرفتاری پر پیدا شدہ کشیدگی اور سیاسی بحران کے دوران مودی نے اس دورہ سے احتراز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے ذرائع نے کہا کہ وہ کسی بھی صورت میں یہ تاثر دینے نہیں چاہتے کہ انہیں بھی کسی صورت میں ملوث محسوس کیا جائے۔ سال 2015ء میں مودی کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہے جس کے تحت وہ 10 تا 14 مارچ بحرہند کے تین جزیرہ نما ملکوں کا دورہ کریں گے۔

وزیراعظم مودی 11 مارچ کو سیشلز پہنچ کر میزبان صدر جیمس اکیلس مائیکل سے باہمی مذاکرات کے دوران بحری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے مختلف امکانات پر گفت و شنید کریں گے۔ بعدازاں وہ 11 اور 12 مارچ کو ماریشیس کا دورہ کریں گے جہاں وہ اپنے ہم منصب سرانیرودھ جگناتھ کے ساتھ اہم ملاقات کے موقع پر ان دونوں ممالک کے درمیان منفرد و خصوصی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر غورکریں گے۔ مودی، ماریشیس کے قومی دن کی تقاریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت بھی کریں گے۔

بعدازاں 13 اور 14 مارچ کو وہ سری لنکا کے دورہ کے موقع پر میزبان صدر مائیتری پالا سری سینا کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے سینئر قائدین سے ملاقات اور بات چیت کریں گے۔ وزارت نے کہا کہ مودی کا یہ دورہ اعلیٰ ترین سیاسی سطح پر ربط اور تعلقات کے فروغ کا ذریعہ ثابت ہوگا جس سے مشترکہ مفادات سے متعلق اہم مسائل پر تال میل اور باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ وزارت نے مزید کہا : ’’ہمارے سمندری پڑوسی ممالک کیلئے وزیراعظم کے اس دورہ سے بحرہند کے علاقہ میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے ہندوستان کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے‘‘۔

مملکتی وزیر راؤ صاحب کا استعفیٰ
نئی دہلی ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے مملکتی وزیر امور صارفین، اغذیہ و عوامی تقسیم راؤ صاحب دادا راؤ دانوے کا مرکزی مجلس وزراء سے استعفیٰ قبول کرلیا۔ صدر بی جے پی امیت شاہ نے جنوری میں انھیں مہاراشٹرا بی جے پی کا صدر مقرر کیا تھا۔