نئی دہلی 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندرمودی کا مجوزہ دورۂ فرانس، جرمنی اور کینیڈا کا مقصد ہندوستانی معیشت کو فروغ دینا اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ وزیراعظم نے 9 تا 16 اپریل تین ممالک کے دورے کے پیش نظر اپنے ٹوئٹر پر بتایا کہ ’’میرے دورۂ فرانس، جرمنی اور کینیڈا کا مقصد ہندوستانی معاشی ایجنڈہ اور ہمارے نوجوانوں کیلئے فراہمی روزگار کی تائید کرنا ہے‘‘۔ وہ سب سے پہلے فرانس کا دورہ کریں گے اور ہند ۔ فرانس معاشی تعاون پر بات چیت کے علاوہ پیرس کے باہر واقع ہائی ٹیک صنعتوں کا مشاہدہ کریں گے۔ بعدازاں جرمنی کیلئے روانہ ہوں گے اور چانسلر انجیلا مرکل اور وہ (مودی) ایک فیسٹیول کا افتتاح کریں گے، جس میں ہندوستان شراکت دار ہے۔ آخری مرحلے میں وزیراعظم مودی کینیڈا جائیں گے اور وہاں سیاسی قیادت، صنعتوں، سربراہ مملکت اور ممتاز شخصیتوں سے ملاقات کریں گے۔