آگسٹا ویسٹ لینڈ کیس میں الزامات پر حکومت کی وضاحت
نئی دہلی ، 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج رات یہ الزامات مسترد کردیئے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے آگسٹا ویسٹ لینڈ کیس کے بارے میں اٹلی کے ساتھ کوئی معاملت کرلی ہے اور کہا کہ اصل مسئلہ کرپشن ہے اور اس سے توجہ ہٹانے کی کوئی بھی کوشش ’’گمراہ کن‘‘ ہے۔ حکومت نے قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوال اور پرنسپال سکریٹری برائے پی ایم نرپیندر مشرا کو ایک ملزم کے ساتھ جوڑنے کی کوششوں کو بھی بالکلیہ بے بنیاد دعویٰ اور کینہ پرور مقصد پر مبنی قرار دیا۔ حکومت کی جانب سے رات دیر گئے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ وہ جو وزیراعظم کو کامیاب ہوتا نہیں دیکھ سکتے، انھیں کسی بھی اقدام میں معاملت دکھائی دیتی ہے۔ سچ سے بڑھ کچھ نہیں ہوتا۔ وزیراعظم نے کسی بھی قسم کی کوئی معاملت نہیں کی ہے۔ مزید یہ کہ چند افراد نے اجیت ڈوال اور نرپیندر مشرا کے ساتھ ایک ملزم کو جوڑنے کی کوشش بھی کی، جس میں کچھ بھی واجبیت نہیں ہے۔