وارناسی۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر سنجے نروپم نے وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں دور حاضر میں اورنگ زیب کے اوتار سے منسوب کیا۔ نروپم نے منگل کی شب وارناسی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’اس حلقہ کے عوام نے ایک شخص (وزیراعظم نریندر مودی) کو منتخب کیا جو دراصل عصر حاضر کا اورنگ زیب ہے، کیونکہ وزیراعظم کی ہدایت پر وارناسی میں راہداریوں کے نام پر سینکڑوں مندروں کو منہدم کردیا گیا‘۔ نروپم نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بابا وشواناتھ مندر میں پوجا کے لئے مندر پہونچنے والے ہر بھگت سے 550 روپئے کی فیس بھی وزیراعظم کی ہدایت پر وصول کی جارہی ہے۔ نروپم نے کہا کہ ’ان واقعات سے ثابت ہوتا ہے کہ اورنگ زیب بھی جو کچھ نہیں کرسکے وہ تمام کام وزیراعظم مودی کررہے ہیں‘۔ نروپم نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم جو اب ہندوؤں کے حقوق کی باتیں کررہے ہیں، کئی مندروں کو منہدم کرچکے ہیں اور بھکتوں پر جزیہ (ٹیکس) عائد کرچکے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’دور حاضر کے اس اورنگ زیب کے اقدامات کی میں مذمت کرتا ہوں‘۔